بنگلورو،22؍اگست(ایس او نیوز) ریاستی وزیرداخلہ ارگاگیانیندرانے کہاکہ سائبرکرائم،غنڈہ گردی،منشیات کی اسمگلنگ اورریئل یسٹیٹ دھندہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی پولیس کوہدایت دی گئی ہے۔
بروزہفتہ شیموگہ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہاکہ ریاست میں سائبرکرائم ڈپارٹمنٹ کومضبوط کیاجارہاہے۔سائبرکرائم کے لیے درکارسافٹ ویئراوروسائل نصب کئے گئے ہیں۔ریاست کی پولیس کوجرائم کے معاملات تیزرفتاری سے تفتیش اورحل کرتے ہوئے ملزموں کوگرفتارکرنے کے لیے انفوسیس سے تعاون لیاجارہاہے۔اس کے لیے پولیس کوخصوصی تربیت بھی دی جارہی ہے،بیرون ریاست کی پولیس بھی یہاں آکرتربیت حاصل کررہی ہے۔
انہوں نے مزیدکہاکہ بنگلورمیں غنڈہ گردی کی بیخ کنی کے لیے پولیس کوہدایت دی گئی ہے،پولیس افسررات دن محنت کرتے ہوئے غنڈہ عناصرکی کلاس لے رہے ہیں،ان کے گھروں اوراڈوں پرچھاپہ مارکارروائی بھی انجام دی جارہی ہے۔اس موقع پرانہوں نے مزیدکہاکہ افغانستان میں موجودکرناٹک والوں کی بحفاظت واپسی کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں۔مرکزی حکومت نے یہ ذمہ داری لی ہے۔مرکزکے ساتھ ہمارے رابطے ہیں۔ مرکز سے تعاون وبات چیت کے مقصدسے ہی ہم نے سی آئی ڈی کے اہم افسر اومیش کونوڈل افسر کے طورپرمقررکیاہے،یہ افسر اس سے پہلے کئی ملکوں میں بحفاظت واپسی کے کام میں شامل رہے ہیں۔اس لیے ان کونامزد کیاگیاہے، افغانستان میں پھنسے تیرتھ ہلی کے پادری سمیت تمام کی بحفاظت واپسی کویقینی بنایاجائے گا۔